حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل لداخ کے جنرل سیکریٹری اور مرکزی امام جمعہ کرگل، حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ ابراہیم خلیلی نے ضلع اسپتال کرگل کا دورہ کیا اور مریضوں کی خیریت دریافت کی۔

اس موقع پر انہوں نے ان مریضوں کی عیادت کی جن کی گھٹنا تبدیلی (کنی ریپلیسمنٹ) کی کامیاب سرجری حال ہی میں الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن، پرائم ہسپتال دبئی اور محکمۂ صحت کرگل کے اشتراک سے منعقدہ خصوصی سرجیکل کیمپ کے دوران انجام دی گئی تھی۔
شیخ خلیلی نے مریضوں سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی، ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
دورے کے دوران انہوں نے عالمی شہرت یافتہ آرتھوپیڈک سرجن ڈاکٹر اعظم بدر خان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مہارت، تجربے اور جذبۂ انسان دوستی کی بدولت کرگل کے متعدد مریضوں کو جدید طبی سہولیات سے فائدہ پہنچا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر اعظم بدر خان آئندہ بھی اسی خلوص اور جذبے کے ساتھ کرگل کے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے اور گھٹنوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے امید اور شفا کا ذریعہ بنتے رہیں گے۔
شیخ ابراہیم خلیلی نے ضلع اسپتال کرگل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ، ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر ملازمین کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور کامیاب علاج میں ان کا کردار قابلِ قدر ہے۔

انہوں نے الرضا ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے ڈاکٹروں، رضاکاروں اور ڈاکٹر اعظم بدر خان کے ہمراہ آنے والی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی محنت اور تعاون سے یہ طبی کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اس نوعیت کے فلاحی اور طبی کیمپوں کا انعقاد جاری رہے گا تاکہ دور افتادہ علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔










آپ کا تبصرہ